لائیو دبئی میں دھماکوں کی آوازیں۔ آگ لگنے سے شہر کی فضا دھوئیں سے بھر گئی

اردگرد موجود لوگ آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوگئے

               
March 13, 2026 · Live

دبئی کے کاروباری علاقے پر جمعہ 13 مارچ کی صبح دھواں اٹھ رہا ہے

Friday, 13 March 2026 – 12:38 #
عمان میں ڈرون گرنے سے 2غیر ملکیوں کی ہلاکت

عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ڈرون گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کو ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ صحار کے الاواحی صنعتی علاقے میں ایک ڈرون گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو غیر ملکی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایک دوسرا ڈرون بھی صحار کے ایک کھلے علاقے میں گر کر تباہ ہوا لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Friday, 13 March 2026 – 12:28 #
دنیا آج مختلف یوم القدس کا مشاہدہ کرےگی۔ پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ دنیا آج مختلف یوم القدس کا مشاہدہ کرےگی۔

پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ القدس کی آزادی قریب ہے، فتح آزادی کے متلاشیوں اور مظلوموں کی دسترس میں ہے، آپریشن وعدہ صادق 4 کی 44ویں لہر آج صبح القدس کے شہداء کی یاد میں داغی گئی۔

ایرانی گارڈز کے مطابق پانچواں امریکی بحری بیڑہ اور امریکی اڈے بابرکت رمضان کی تئیسویں صبح نشانہ بنائے۔

Friday, 13 March 2026 – 12:09 #
سعودی عرب کا مزید 8ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ

سعودی وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی فضائی دفاع نے مزید آٹھ ڈرونز گرا دیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبہ الخرج اور ریاض کے علاوہ یہ ڈرون وسطی اور مشرقی علاقوں میں مار گرائے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت دفاع نے اطلاع دی تھی کہ حملوں کی نئی لہر میں 14 ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے بعد مزید آٹھ ڈرونز کے تباہ کرنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

جمعہ کی صبح دبئی میں دھماکوں کی اطلاعات کے بعد شہر کی فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ آگ لگنے کے باعث گہرا سیاہ دھواں بلند عمارتوں کے اوپر تک پھیل گیا۔ حکام کے مطابق آگ شہر کے ایک صنعتی علاقے میں لگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق دبئی کے علاقے الکوز (Al Quoz) میں آگ بھڑکتی دیکھی گئی۔ اردگرد موجود لوگ آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوگئے۔

پولیس نے غیر ملکی صحافی کو آگ کے مقام کے قریب جانے سے روک دیا۔ آگ ایک بند گلی (cul-de-sac) میں لگی تھی۔

دبئی میڈیا آفس، جو حکومت کی جانب سے بیانات جاری کرتا ہے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بتایا کہ کامیاب دفاعی کارروائی کے بعد گرنے والے ملبے سے مرکزی دبئی میں ایک عمارت کے بیرونی حصے پر معمولی واقعہ پیش آیا۔

حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سیاہ دھواں اتنا زیادہ تھا کہ وہ شہر کے مشہور لگژری ہوٹل برج العرب تک آسمان میں پھیلتا ہوا نظر آیا۔