صبح اٹھتے ہی تھکن کیوں محسوس ہوتی ہے؟
رات کے وقت موبائل فون کا زیادہ استعمال نیند کے معیار کو متاثر کرتا ہے، جس کے باعث صبح اٹھتے ہی جسم میں تھکن اور بوجھ محسوس ہوتا ہے۔
حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ رات کے وقت موبائل فون کا زیادہ استعمال نیند کے معیار کو متاثر کرتا ہے، جس کے باعث صبح اٹھتے ہی جسم میں تھکن اور بوجھ محسوس ہوتا ہے۔
ماہرینِ اعصاب کے مطابق سونے سے پہلے موبائل اسکرین استعمال کرنے سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جسم میں نیند لانے والے ہارمون میلاٹونن کی مقدار کم کر دیتی ہے۔ بعض تحقیقات کے مطابق یہ کمی پچاس فیصد تک ہو سکتی ہے، جس کے باعث نیند دیر سے آتی ہے اور انسان پوری طرح آرام نہیں کر پاتا۔
اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل کو بستر کے قریب رکھ کر سونا بھی نیند کے لیے نقصان دہ عادت ہے۔ طبی جریدے جرنل آف کلینیکل سلیپ میڈیسن میں شائع ایک مطالعے کے مطابق نوٹیفکیشن یا وائبریشن کی معمولی آواز بھی دماغ کو الرٹ رکھتی ہے، جس کی وجہ سے گہری نیند حاصل نہیں ہو پاتی اور صبح سر بھاری محسوس ہوتا ہے۔
مزید برآں ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سونے سے پہلے ویڈیوز یا پروگرام دیکھنے سے تیز روشنی اور آواز دماغ کو حد سے زیادہ متحرک کر دیتی ہے، جس کے نتیجے میں نیند بار بار ٹوٹتی ہے اور جسم کو مطلوبہ آرام نہیں ملتا۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ بہتر نیند کے لیے موبائل فون کو بستر سے دور رکھا جائے، سونے سے کچھ دیر پہلے کمرے کی روشنی مدھم کر دی جائے اور کم از کم تیس منٹ قبل اسکرین کا استعمال بند کر دیا جائے۔ ان احتیاطی تدابیر سے نیند کا معیار بہتر ہو سکتا ہے اور انسان صبح زیادہ تازہ دم اور چست محسوس کرتا ہے۔