صبح اٹھتے ہی پانی پینا کتنا مفید؟ ماہرین صحت نے اہم حقائق بتا دیے
خالی پیٹ پانی پینے سے جگر کے صفائی کے نظام کو متحرک ہونے میں مدد ملتی ہے،
ماہرین صحت کے مطابق صبح اٹھتے ہی ایک گلاس پانی پینا جسم کے لیے نہایت مفید عادت ثابت ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کے سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند کے دوران جسم کو پانی نہیں ملتا، جس کے باعث جسم میں ہلکی سی پانی کی کمی پیدا ہو جاتی ہے۔
اسی وجہ سے صبح کے وقت پانی پینا جسم کو دوبارہ متوازن کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خالی پیٹ پانی پینے سے جگر کے صفائی کے نظام کو متحرک ہونے میں مدد ملتی ہے، جس سے جسم میں جمع ہونے والے غیر ضروری مادّوں کو خارج کرنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔
کچھ صحتی اداروں اور ماہرین نے صبح کے وقت پانی پینے کی اس عادت کو “مارننگ واٹر تھراپی” کا نام بھی دیا ہے، جس کے مطابق دن کا آغاز پانی سے کرنے سے جسم کے مختلف نظام زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
طبی جریدے جرنل آف کلینیکل اینڈوکرائنولوجی میں شائع ایک تحقیق کے مطابق پانی پینے کے بعد کچھ دیر کے لیے جسم کی میٹابولک رفتار میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے، جو تقریباً تیس سے چالیس منٹ تک برقرار رہ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہی وجہ ہے کہ وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے صبح کا پانی ایک مفید عادت سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مناسب مقدار میں پانی پینے سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے جس کا مثبت اثر جلد پر بھی پڑتا ہے۔ اس سے چہرے کی تھکن اور سوجن کم ہو سکتی ہے اور جلد نسبتاً تازہ اور تندرست دکھائی دیتی ہے۔
اس کے علاوہ صبح کا پہلا گلاس پانی معدے کو بھی متحرک کرتا ہے، جس سے نظام ہاضمہ بہتر انداز میں کام شروع کرتا ہے اور تیزابیت جیسے مسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اگر اس عادت کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیا جائے تو یہ ایک سادہ مگر مؤثر طریقہ بن سکتا ہے جس سے جسم کو دن کے آغاز میں توانائی اور تازگی ملتی ہے۔