خلیجی ممالک کو وافر مقدار میں اشیاء خور و نوش برآمد کی جائیں،وزیراعظم کی ہدایت

عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باوجود پاکستان کی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے،

               
March 15, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی ضروریات کے تحفظ اور خلیجی ممالک کو اشیاء خور و نوش کی وافر مقدار میں برآمد کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں غذائی صورتحال، موجودہ ذخائر اور پیداوار پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے بتایا کہ پاکستان میں اشیاء خور و نوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی شے کی کمی نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باوجود پاکستان کی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے، اور موجودہ صورتحال میں برادر خلیجی ممالک کی غذائی ضروریات کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پاکستانی غذائی مصنوعات کو متاثر کیے بغیر برآمد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور برآمد شدہ اشیاء کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے پی این ایس سی کو ہدایت دی کہ بحری راستے کے ذریعے خلیجی ممالک کو اشیاء خور و نوش برآمد کرنے کے تمام اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی، جبکہ برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفیران اور تجارتی افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر، صوبائی چیف سیکریٹریز اور نجی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔