تیسرے ون ڈے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 291 رنز کا ہدف دیا

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

               
March 15, 2026 · اسپورٹس

سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا ہے۔ میچ میرپور میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ہوم ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز تنزید حسن نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 290 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ شامل حسین اور حسین طلعت انجرڈ ہیں، ان کی جگہ سعد مسعود اور غازی غوری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے غازی غوری اور سعد مسعود ڈیبیو کر رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔