افغان طالبان کا وانا میں کامیاب حملے کا دعویٰ بے بنیاد ہے، وزارت اطلاعات
افغان طالبان کی نام نہاد وزارتِ دفاع کی جانب سے وانا میں کامیاب حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ یہ دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کی تردید کر دی ہے جس میں افغان طالبان کی نام نہاد وزارتِ دفاع کی جانب سے وانا میں کامیاب حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
وزارت اطلاعات کے جاری کردہ فیکٹ چیک میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے کے اوپر پرواز کرنے والے ایک ڈرون کو سافٹ کِل ٹیکنالوجی کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی فوجی تنصیب یا انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا کہ طالبان حکومت کی جانب سے کیا گیا دعویٰ من گھڑت اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ وزارت کے مطابق ماضی میں بھی اسی نوعیت کے کئی دعوے سامنے آئے جن میں پاکستان ایئر فورس کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے جیسے الزامات شامل تھے، تاہم بعد میں یہ دعوے غلط ثابت ہوئے۔
وزارت اطلاعات نے عوام پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے سے گریز کریں اور مستند ذرائع سے ہی خبروں کی تصدیق کریں۔ حکام کے مطابق سچائی ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈے پر غالب آتی ہے۔