پیٹرول و ڈیزل کے ذخائر موجود، عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں،وفاقی وزیر پیٹرولیم

 موجودہ حالات کے پیش نظر ملک کو چیلنجنگ صورتحال کے لیے خود کو تیار رکھنا ہوگا اور فوری اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔

               
March 19, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر موجود ہیں اور عوام کو فی الحال کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ملک کو چیلنجنگ صورتحال کے لیے خود کو تیار رکھنا ہوگا اور فوری اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران کی صورتحال نے پورے خطے کو متاثر کیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ملک اپنے آپ کو ہر ممکنہ صورتحال کے لیے تیار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور ضرورت پڑنے پر آئندہ ہفتوں میں بھی قیمتوں میں ترمیم کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے تمام صوبوں کو اعتماد میں لے کر کفایت شعاری کے اقدامات شروع کیے ہیں تاکہ مارکیٹ مستحکم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کروڈ آئل جی سی سی ممالک، فجیرہ اور یانگوں سے فراہم کیا جا رہا ہے اور متبادل انتظامات موجود ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل پر کام کرنے والے پلانٹس محدود ہیں، تاہم تھرمل جنریشن میں سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر موجود ہیں اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔