پٹرول پر 127 روپے اور ڈیزل پر 200 روپے سے زائد سبسڈی کا اعلان

اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو طویل مدت تک اتنی بڑی سبسڈی دینا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے متوازن پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔

               
March 23, 2026 · اہم خبریں

مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا ہے اور وزیراعظم کی جانب سے پٹرول پر فی لیٹر 127 روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کا دباؤ تھا، تاہم حکومت نے عوام کو فوری بوجھ سے بچانے کے لیے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیزل پر بھی 200 روپے سے زائد فی لیٹر سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

مصدق ملک کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی لانے کے لیے سرکاری گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ لگژری گاڑیوں کے ایندھن پر 200 روپے فی لیٹر لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو طویل مدت تک اتنی بڑی سبسڈی دینا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے متوازن پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 321.17 روپے جبکہ ڈیزل 335.86 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔