نیویارک: لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، 2 پائلٹ ہلاک

 طیارے پر سوار 41 افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، کئی کی حالت تشویشناک، واقعے کی تحقیقات

               
March 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایئر کینیڈا کا مسافر طیارہ رن وے پر موجود فائر ٹرک سے ٹکرا گیا۔ اس تصادم کے نتیجے میں طیارے کے دونوں پائلٹس جان بحق ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایئر کینیڈا کی یہ پرواز کینیڈا کے شہر مانٹریال سے نیویارک پہنچی تھی۔ پیر کے روز جب طیارہ لینڈ کر رہا تھا تو رن وے پر اس کا سامنا نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی کی ایک فائر بریگیڈ گاڑی سے ہوا جو وہاں پہلے سے موجود کسی دوسرے واقعے کی اطلاع پر الرٹ کھڑی تھی۔ تیز رفتار طیارہ فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا اور ایئرپورٹ پر افراتفری مچ گئی۔

پورٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرن گارسیا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تصدیق کی کہ حادثے میں طیارے کے دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے ہیں۔

 طیارے پر سوار 41 افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ہسپتال لائے گئے افراد میں سے 32 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، تاہم کئی مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں گہری چوٹیں آئی ہیں۔

کیتھرن گارسیا کا مزید کہنا تھا کہ اس سنگین واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاگوارڈیا ایئرپورٹ کو پیر کی دوپہر دو بجے تک مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تمام آنے والی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے،ہم اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ فائر ٹرک اس وقت رن وے کے اس مخصوص حصے پر کیوں موجود تھا اور کیا طیارے اور کنٹرول ٹاور کے درمیان رابطے میں کوئی کمی رہ گئی تھی۔

وفاقی حکام اور ایوی ایشن سیفٹی کے اداروں نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔