وزیراعلیٰ پنجاب کوتوانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اہم سفارشات پیش
تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیاں دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے
لاہور: صوبہ پنجاب میں بڑھتے ہوئے توانائی بحران کے پیشِ نظر اہم اقدامات پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ توانائی نے اپنی سفارشات مریم نواز کو پیش کر دی ہیں، جن میں متعدد سخت فیصلے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیاں دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔ اسی طرح پٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مزید برآں نجی اداروں کے لیے گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کی سخت ہدایات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو اور بس سروس کو بڑھانے کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں تاکہ شہریوں کو متبادل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سفارشات میں توانائی بچانے کے لیے ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹوں کے اوقات کار مزید محدود کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
یہ تمام اقدامات توانائی کے مؤثر استعمال اور ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔