وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس: خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمدات اور بندرگاہی آپریشنز کا جائزہ
غذائی ضروریات کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے قریبی رابطے میں رہیں،ملکی ضروریات متاثر ہوئے بغیر اشیاء خورونوش کی برآمد میں تیزی لائی جائے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت، موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں خلیجی ریاستوں کو اشیائے خورونوش کی فراہمی اور پاکستان کی بندرگاہوں اور میری ٹائم آپریشنز کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی فراہمی کے حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں اور افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک کی غذائی ضروریات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے قریبی رابطے میں رہیں اور ملکی ضروریات متاثر ہوئے بغیر اشیاء خورونوش کی برآمد میں تیزی لائی جائے۔
وزیراعظم نے ملکی غذائی طلب و رسد کی نگرانی کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ فیصلہ سازی میں کسی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہوگی جبکہ تاخیر کے مرتکب افراد کی جواب دہی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کراچی، گوادر اور دیگر بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشنز میں اضافے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خلیجی ممالک کے لیے 40 فوڈ آئٹمز کی برآمدات کی منظوری دی گئی ہے جن میں چاول، خورنی تیل، چینی، گوشت، پولٹری، خشک دودھ، ڈیری مصنوعات، پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔ برآمدات کے لیے بزنس ٹو بزنس اجلاس اور ویبینارز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
کراچی اور بن قاسم کی بندرگاہیں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بھی فعال رہیں گی جبکہ آف-ڈاک ٹرمینلز پر ٹرانس شپمنٹ ہینڈلنگ کی اجازت دی گئی ہے۔ بندرگاہوں پر نقل و حمل کے نرخ 60 فیصد تک کم کر دیے گئے اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن ڈیسک فعال کر دیے گئے ہیں۔ خام تیل لانے والے بحری جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر لنگر انداز کرایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر بحری امور چوہدری جنید انور، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔