غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو واپسی کا ایندھن ساتھ لانے کی ہدایت
مقامی فضائی کمپنیوں کو ان کی ضرورت کے مطابق مکمل ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ اندرونِ ملک فضائی آپریشن متاثر نہ ہوں۔
پاکستان میں ایندھن کی محدود دستیابی کے باعث غیر ملکی فضائی کمپنیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے تحت انہیں واپسی کے سفر کے لیے اضافی ایندھن اپنے ساتھ لانا ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق غیر ملکی پروازوں کو ملک میں صرف محدود مقدار میں ایندھن فراہم کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقامی فضائی کمپنیوں کو ان کی ضرورت کے مطابق مکمل ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ اندرونِ ملک فضائی آپریشن متاثر نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق اس پالیسی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ایک غیر ملکی پرواز کو کراچی سے دوحہ جاتے ہوئے ایندھن کی کمی کے باعث مسقط میں رکنا پڑا۔
فضائی کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی ایندھن ساتھ لانے کی شرط کے باعث طیاروں کے وزن میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے بعض اوقات مسافروں کا سامان اور مال برداری کم کرنا پڑ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام وقتی طور پر ایندھن کے بہتر انتظام کے لیے کیا گیا ہے، تاہم اس سے بین الاقوامی پروازوں کے معمولات متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔