وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2 پر کام کی رفتار بڑھانے پر اتفاق

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے

               
March 26, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقات کی،

جس میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک 2 پر کام کی رفتار بڑھانے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

 

وزیراعظم نے ’ٹو سیشنز‘ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان پر خیرمقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 

انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سی پیک 2 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے 75 ویں سالگرہ کے موقع پر رابطے بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا

اور پاک-چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو پائیدار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔