براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 34 فیصد کمی ریکارڈ

منفی رجحان کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی۔ وزارت خزانہ

               
April 1, 2026 · کامرس

وفاقی وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی رپورٹ (مارچ 2026) جاری کر دی ہے جس میں مالی سال 2025-26 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں 33.4 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح پورٹ فولیو انویسٹمنٹ بھی منفی 490.8 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے منفی 211 ملین ڈالر سے زیادہ خسارے کی نشاندہی کرتا ہے۔

منفی رجحان کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 24.6 فیصد اضافہ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 13.6 فیصد اضافہ اور کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ بتاتی ہے کہ جولائی سے فروری کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے 1.582 ارب ڈالر سے کم ہو کر صرف 704.1 ملین ڈالر رہ گئی۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 700 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ برآمدات میں 5.4 فیصد کمی آئی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 26.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مہنگائی کے حوالے سے فروری 2026 میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 7 فیصد رہی جبکہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کی اوسط مہنگائی 5.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا جس میں آٹوموبائل، ٹیکسٹائل اور فوڈ سیکٹرز نے اہم کردار ادا کیا۔