خطے میں جاری کشیدگی خطرناک،فوری و مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے،ترجمان دفتر خارجہ

حالیہ چار ملکی مشاورت میں خطے میں جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ا

               
April 2, 2026 · اہم خبریں

 

اسلام آباد: پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی خطرناک ہے اور اس کا فوری و مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ سفارتکاری اور مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے کیے، جن میں سعودی عرب، مصر اور ترکیہ شامل ہیں، اور پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے سرگرم کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ چار ملکی مشاورت میں خطے میں جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انسانی جانوں و معاشی سرگرمیوں کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خطے میں امن کے لیے مشترکہ پانچ نکاتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں فوری جنگ بندی، تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے، متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی فراہمی، امن مذاکرات کے آغاز اور ہرمز کی گزرگاہ میں جہاز رانی کے تحفظ کو شامل کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اہم عالمی رہنماؤں سے رابطے کر کے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور ایران و امریکہ کے درمیان ممکنہ ثالثی مذاکرات کے لیے اسلام آباد کو میزبان مقام کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔

مزید برآں، ایرانی حکومت نے پاکستانی پرچم والے مزید 20 جہازوں کو بحر ہرمز سے روزانہ گزرنے کی اجازت دی، جسے پاکستان نے خطے میں اعتماد اور استحکام کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔

اس کے علاوہ، پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے یروشلم میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے کو سختی سے مسترد کیا اور عالمی برادری سے اس غیر قانونی اقدام کے خلاف موقف اختیار کرنے کی اپیل کی، تاکہ مقدس مقامات کی حرمت اور مذہبی رسائی کو برقرار رکھا جا سکے۔

پاکستان کی یہ کوششیں خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔