پنک اسکوٹی مرد نے چلائی تو ضبط کر لی جائے گی، سندھ میں وارننگ

سٹریٹ چیکنگ کی جائے گی، خلاف ورزی پر گاڑی ضبط ہوگی۔

September 26, 2026 · اہم خبریں
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

میرپور خاص میں مفت پنک سکوٹی کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے سخت وارننگ جاری کی ہے کہ پنک سکوٹی کے غلط استعمال کی صورت میں سخت کار عمل عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پنک سکوٹی کے غلط استعمال کی سٹریٹ چیکنگ کی جائے گی اور جہاں بھی مرد پنک سکوٹی چلاتے نظر آئے تو وہ سکوٹی ضبط کر لی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کے دوران شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پورے پاکستان کی خواتین کے لیے ہے جبکہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے خواتین کی خود مختاری کا بہترین آئیڈیا دیا۔ خواتین کے لیے پنک سکوٹی کا یہ اہم اقدام چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شروع کرایا تھا جو کہ معاشرے میں خواتین کی ترقی کی طرف ایک بہت بڑا انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ایک اہم اور خوشی کا موقع ہے اور میرپورخاص میں مفت سکوٹی کی تقسیم خواتین کی ترقی کی جانب سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

صوبائی وزیر نے حلفیہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مفت سکوٹیز مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی گئی ہیں۔ اس وقت تک صوبے بھر میں 50 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواستیں جمع کرا چکی ہیں، اور ان کی دلی خواہش ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس ملنے کے بعد تمام 50 ہزار خواتین کو سکوٹیز فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں خواتین کے شناختی کارڈ بنانے کا تصور بھی نہیں پایا جاتا تھا، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو بااختیار اور خود مختار بنانے کے لیے سب سے زیادہ عملی کام کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید اعلان کیا کہ خواتین کی سہولت اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے جلد ہی پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو پنک سکوٹیز کی فراہمی کا یہ سلسلہ یہاں رکنے والا نہیں ہے بلکہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جو خواتین کو مفت ای وی سکوٹیز فراہم کرنے کا اعزاز حاصل کر رہا ہے۔ حکومت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خودمختار دیکھنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔