پاکستان آزاد اور کھلے انڈوپیسیفک کا حامی ہے،سربراہ پاک بحریہ

پاکستان کا اسٹریٹیجک تصور سب کو شامل کرنے والی میری ٹائم سکیورٹی، آزاد نیوی گیشن اور عالمی قوانین پر مبنی ہے۔

               
April 2, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور خطائی خطرات کی شدت اور تنوع اس قدر بڑھ چکی ہے کہ کوئی بھی ملک تنہا ان سے نمٹنے کے لیے کافی وسائل نہیں رکھتا، اس لیے علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون پر مبنی میری ٹائم سکیورٹی ناگزیر ہے۔

سری لنکن میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان آزاد اور کھلے انڈوپیسیفک کا حامی ہے، جس میں بلاک سیاست یا فوجی اتحاد کے ذریعے کسی ملک کو غیر متعلقہ قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا اسٹریٹیجک تصور سب کو شامل کرنے والی میری ٹائم سکیورٹی، آزاد نیوی گیشن اور عالمی قوانین پر مبنی ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سمندری تجارت پر بہت زیادہ منحصر ہے، اور توانائی کی درآمد، خاص طور پر پیٹرول اور ایل این جی، بحرہند اور آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے سمندری راستوں میں کوئی خلل براہ راست اقتصادی استحکام کو متاثر کر سکتا ہے۔ موجودہ امریکی، اسرائیل اور ایران کے تنازع کے پیش نظر پاکستان نے آپریشن محافظ البحر شروع کیا ہے تاکہ تجارتی جہازوں اور توانائی کی درآمد محفوظ رہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے بتایا کہ پاک بحریہ نے اپنی نیول صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے، بشمول آبدوزوں، فریگیٹس، کارویٹس اور جدید نیول ایوی ایشن، تاکہ خطے میں میری ٹائم توازن قائم رہے اور دشمن کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز، جس میں سائبر اور اسپیس شعبے بھی شامل ہیں، پاک بحریہ کی طاقت کو بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے انڈوپیسیفک میں امریکہ، چین اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک مقابلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسے بنیادی طور پر میری ٹائم سکیورٹی کے تناظر میں دیکھتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے دیرپا امن اور استحکام پر یقین رکھتا ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان خطے میں چھوٹی ریاستوں کی مدد کے لیے تربیت، مشترکہ مشقیں اور میری ٹائم ڈومین آگاہی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے، اور یہ سب بین الاقوامی قوانین اور شفاف فریم ورک کے تحت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے سی ٹی ایف 150 اور 151 جیسے تعاون پر مبنی انیشی ایٹیوز میں حصہ لے کر انسداد منشیات اور میری ٹائم سکیورٹی کے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں سی ٹی ایف 151 کے آپریشن میں پاکستان نے ایک ارب ڈالر مالیت کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ ضبط کی تھی۔

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان ہر دو سال بعد امن مشقیں بھی کرتا ہے، جن کا نعرہ “ٹوگیدر فار پیس” یعنی امن کے لیے ایک ساتھ ہے، اور ان میں دنیا بھر سے 60 ممالک کے مندوبین شریک ہوتے ہیں۔ یہ مشقیں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کو فروغ دینے اور اصولوں پر مبنی میری ٹائم آڈر کو یقینی بنانے میں مددگار ہیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد ایک مستحکم، انکلوسیو اور تعاون پر مبنی میری ٹائم ماحول قائم کرنا ہے، جس میں سب شامل ہوں اور عالمی سمندری قوانین کی پاسداری کی جائے، تاکہ خطے میں دیرپا امن اور اقتصادی استحکام ممکن ہو سکے۔