جنگ بندی کے باوجود امریکی افواج کا انخلا ہدف رہے گا، ایرانی فوجی ترجمان

کسی بھی ممکنہ زمینی کارروائی کی صورت میں سخت مزاحمت کی جائے گی

               
April 4, 2026 · اہم خبریں

ایرانی افواج کے جنرل اسٹاف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے کہا ہے کہ ممکنہ جنگ بندی کے باوجود خطے سے امریکی افواج کا انخلا ایران کی حکمت عملی کا بنیادی حصہ رہے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیکرچی نے کہا کہ ایران خطے کو امریکی فوجی اہلکاروں کے لیے ناقابل برداشت بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت تک دباؤ برقرار رکھے گا جب تک امریکی افواج خطہ چھوڑ نہیں دیتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکمت عملی کے تحت خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا سکتا ہے تاکہ ان کی موجودگی کو محدود کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی ممکنہ زمینی کارروائی کی صورت میں سخت مزاحمت کی جائے گی، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث امریکی اہلکاروں کو اپنی نقل و حرکت محدود کرنا پڑ رہی ہے۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہاں کی صورتحال بھی کشیدہ ہے اور سکیورٹی خدشات کے باعث بعض پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ بندی کی صورت میں بھی خطے میں کشیدگی مکمل طور پر ختم ہونے کے امکانات کم ہیں۔