پاک بحریہ میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر شامل، سمندری دفاع مزید مضبوط
پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل یہ جدید پلیٹ فارم منفرد ٹیکنالوجیز سے لیس ہے، جو دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
راولپنڈی: مادرِ وطن کی سمندری حدود کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس جنگی جہاز پی این ایس خیبر شامل کر لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل یہ جدید پلیٹ فارم منفرد ٹیکنالوجیز سے لیس ہے، جو دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کے جدید جنگی نظام دشمن کے اہم بنیادی ڈھانچے اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہم عالمی بحری راستوں پر واقع ہے، جہاں سکیورٹی کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور بحری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے مضبوط بحری قوت وقت کی اہم ضرورت ہے، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں ملکی بحری دفاع کو مزید مستحکم کریں گی اور سمندری حدود کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔