پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

یہ مفاہمتی یادداشت عدالتی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

               
April 6, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور آئینی عدالت کے ججز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی،

جبکہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے اعلیٰ سطح وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے ترک وفد کو خوش آمدید کہا اور اس موقع کو دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت عدالتی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے ترکیہ کے عدالتی نظام میں جدت اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی دنیا میں عدالتی نظام کا باہمی تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ترکیہ کی آئینی عدالت کے چیف جسٹس قادر اوزکایا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دونوں ممالک کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عدالتی نظام کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مثالی بھائی چارہ موجود ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عدالتی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی تجربات سے فائدہ اٹھا کر نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔