اسلام آباد مذاکرات میں بڑی پیش رفت، امریکا ایران کے فنڈز اَن فریز کرنے پر آمادہ؟

اگر یہ پیش رفت درست ثابت ہوتی ہے تو یہ مذاکرات میں ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھی جائے گی

               
April 11, 2026 · قومی

اسلام آباد میں جاری اہم مذاکرات کے پہلے ہی روز امریکا کی جانب سے ایران کے منجمد فنڈز سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے اثاثے اَن فریز کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ اسلام آباد میں موجود نمائندے کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ پیش رفت مذاکرات کے آغاز کے ساتھ ہی سامنے آئی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی وفد کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے منجمد اثاثے جاری کرنے کی یقین دہانی کے بعد ہی ایران نے مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ایران کے پیش کردہ 10 نکاتی منصوبے کا ایک اہم مطالبہ تھا۔

تاہم اس حوالے سے امریکا کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ پیش رفت درست ثابت ہوتی ہے تو یہ مذاکرات میں ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔