کراچی: جناح ہسپتال میں ریبیز سے متاثرہ 12 سالہ لڑکا دم توڑ گیا

بچے کو یکم نومبر کی شام جے پی ایم سی کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ لایا گیا تھا، بچے کو تیز بخار، پانی سے خوف اور چڑچڑے پن کی شکایت تھی، اسپتال حکام

November 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: جناح ہسپتال میں ریبیز انسیفلائٹس کا ایک اور کم عمر مریض دوران علاج جاں بحق ہوگیا، 12 سالہ بچہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی کا رہائشی تھا۔

ہسپتال حکام کے مطابق بچے کو یکم نومبر کی شام جے پی ایم سی کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ لایا گیا تھا، بچے کو تیز بخار، پانی سے خوف اور چڑچڑے پن کی شکایت تھی۔

حکام نے بتایا کہ بچے کو تقریباً ایک ماہ قبل کتے نے بائیں آنکھ کے قریب کاٹا تھا، کتے کے کاٹنے کے بعد متاثرہ بچے کو ریبیز ویکسین کی دو خوراکیں لگائی گئی تھیں تاہم ریبیز امیونوگلوبیولن (RIG) ویکسین نہیں لگائی گئی تھی۔

12 سالہ بچہ 4 نومبر کی شام 5 بجے دوران علاج دم توڑ گیا۔