اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی: ٹرمپ کی ایران کو ’صفحہ ہستی سے مٹانے‘ کی دھمکی
امریکی فوجی کارروائی اب محض وقت کا انتظار ہے، امریکی صدر
فوٹو امریکی میڈیا
واشنگٹن: پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے میراتھن مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے، جس کے بعد خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ مذاکرات کی ناکامی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجی کارروائی اب محض وقت کا انتظار ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ پیغام میں لکھا امریکہ پوری طرح تیار اور ’لاگڈ اینڈ لوڈڈ‘ ہے۔ اگر ایران نے اپنی ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو ہم مناسب وقت پر اس کا کام تمام کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری عزائم ترک کرنے کے لیے تیار نہیں اور وہ عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی مکمل ناکہ بندی کا بھی اشارہ دیا ہے۔
ٹرمپ کا ایران پر ایٹمی عزائم نہ چھوڑنے کا الزام، سخت وارننگ جاری
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے سخت گیر موقف کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران اپنے ایٹمی عزائم سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر اپنی ایک حالیہ پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے لکھا کہ ایران “اپنے ایٹمی عزائم کو ترک کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں فوجی آپریشنز اور ممکنہ معاہدوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کئی لحاظ سے، جن نکات پر اتفاق ہوا وہ ہماری فوجی کارروائیوں کو منطقی انجام تک جاری رکھنے سے بہتر ہیں، لیکن ان تمام نکات کی کوئی اہمیت نہیں رہتی اگر ‘ایٹمی طاقت’ ایسے غیر مستحکم، مشکل اور ناقابلِ پیش گوئی لوگوں کے ہاتھ میں ہو۔
انہوں نے انتہائی سخت لہجے میں ایران کو تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی صدارت میں اسے ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ ٹرمپ نے بڑے حروف (Capital Letters) میں لکھا “ایران کے پاس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار نہیں ہوں گے!”