ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سعودی و قطری وزرائے خارجہ سے رابطہ
اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فائل فوٹو
ریاض: خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے درمیان ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق بات چیت میں اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کو پیر کے روز ایرانی ہم منصب عباس عراقچی نے ٹیلیفون کیا، جس میں اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا بنیادی محور اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری امن مذاکرات تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو واشنگٹن کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے ان مذاکرات کے تناظر میں اپنے اپنے ملکوں کے موقف اور نقطہ نظر پر روشنی ڈالی۔
عباس عراقچی نے سعوری عرب کے بعد قطر کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی ہے، جس میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نےاسلام آباد میں ایران اورامریکا کے درمیان مذاکرات پر بات چیت کی۔