ایران کا امریکا کو آبنائے ہرمز میں کارروائیوں پر سنگین نتائج کا انتباہ
چین سفارتی کوششوں کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ایران کا امریکا کو آبنائے ہرمز میں کارروائیوں پر سنگین نتائج کا انتباہ
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے لیے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق عباس عراقچی نے یہ مؤقف چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اختیار کیا، جس میں خلیج اور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اہم آبی گزرگاہوں میں امریکا کی موجودگی اور سرگرمیاں صورتحال کو مزید کشیدہ بنا سکتی ہیں اور یہ اقدامات علاقائی امن و استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے خطے میں کشیدگی کے دوران ایرانی عوام کی استقامت کو سراہا اور کہا کہ چین سفارتی کوششوں کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی معمول پر بحالی عالمی معیشت اور بین الاقوامی مفاد میں ہے، اور چین خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔