ایران کے ساتھ ڈیل ہوگئی تو اسلام آباد جاؤں گا ، صدر ٹرمپ

امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان مذاکرات اسی ہفتے متوقع ہیں، میڈیا سے گفتگو

               
April 16, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ اگلی ملاقات ہفتے کے آخر میں ہو سکتی ہے، اچھا لگ رہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان جنگ بندی میں بہت عمدہ رہا ہے، ایران کے ساتھ ڈیل ہوگئی تو اسلام آباد جاؤں گا،  ایران سے مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، اگر ایران کیساتھ ڈیل نہیں ہوگی تو دوبارہ جنگ شروع ہوجائے گی۔

ٹرمپ نے کہا کہ لبنان میں ہونے والی جنگ بندی میں حزب اللّٰہ بھی شامل ہے، وہ جلد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے  ملاقات کریں گے، تاہم انہوں نے اس ملاقات کی تاریخ نہیں بتائی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پوپ لیو سے ملاقات کرنا ضروری ہے، یہ بہت اہم ہے کہ پوپ لیو سمجھیں کہ ایران دنیا کیلئے خطرہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس بات پر راضی ہو گیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کرے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت جن شرائط پر بات چیت ہو رہی ہے، وہ 20 سال سے زائد مدت کے معاہدے پر محیط ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ سے باہر رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔مجوزہ معاہدہ 20 سال سے زائد عرصے کے لیے ہوگا، جو خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔