امریکی ناکہ بندی جاری رہنے پر آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہ سکی۔قالیباف
صدر ٹرمپ نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے، ’اور ساتوں جھوٹے تھے۔ایرانی اسپیکر
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور ایرانی مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ اگر ایران کی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی جاری رہی تو آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہ سکتی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان بیانات کے ردِعمل میں قالیباف نے واضح کیا کہ ایسی صورت میں آبنائے ہرمز کی آمد و رفت متاثر ہو گی۔
ایران اس سے قبل اعلان کر چکا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے اختتام تک آبنائے ہرمز تمام تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔
محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کا عمل ’متعین راستے‘ کے تحت اور ’ایران کی اجازت‘ سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر دیے گئے بیانات سے نہیں بلکہ زمینی حقائق سے ہوتا ہے کہ آبنائے کھلی ہے یا بند اور اس پر کون سے ضابطے لاگو ہوں گے۔
انھوں نے امریکی صدر کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے، ’اور ساتوں جھوٹے تھے۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے ان جھوٹوں سے نہ تو جنگ جیتی اور نہ ہی وہ مذاکرات میں کسی نتیجے تک پہنچ سکیں گے۔