عبدالمعیز کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کی تیاری

75 روز گزرنے کے باوجود مری پولیس 13 سالہ بچے کے قاتلوں کی گرفتاری میں ناکام

               
April 21, 2026 · شہر گزشت

راولپنڈی (وقاص چوہدری)مری کے علاقے لوئر دیول میں بے دردی سے قتل کئے جانے والے 13 سالہ عبدالمعیز کے قاتل 75 دن گزر جانے کے باوجود تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔ اہلیان دیول نے 24 اپریل کو پر امن احتجاج کی تیاری شروع کردی ہے۔
امت سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی ممبران قاسم شہزاد اور اظہر اخلاق کا کہنا تھا کہ عبدالمعیز کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو ڈھائی ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ملزمان کو سامنے نہ لا سکی اور نہ ہی کمیٹی یا عبدالمعیز کے لواحقین کو تفتیش کے حوالے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کی جانب سے گزشتہ 75 دنوں سے یہی کہا جا رہا ہے کہ ملزمان کے قریب ہیں لیکن کوئی گرفتاری یا ملزمان کی شناخت سامنے نہیں لائی جا رہی قاسم شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس کے نامناسب رویے اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف بروز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کمیٹی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی تھی تاہم ڈی پی او مری کی جانب سے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ملتوی کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ڈی پی او مری میں اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے مری کی روایات اورپردہ داری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے 55 افراد سے تفتیش کی گئی جن میں سے 19 کے ڈی این اے ٹیسٹ بھجوائے گئے ہیں جن کی رپورٹ کا انتظار ہے عبدالمعیز کا کیس ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ جس طرح اس سے پہلے پانچ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا ہے عبدالمعیز کو بھی انصاف ضرور ملے گا۔