آبنائے ہرمزکی بندش سے تیل کی درآمد پر اضافی اخراجات میں ریکارڈ اضافہ
آمدورفت کا کرایہ، سپلائر کا منافع، انشورنس اور دیگر چارجز شامل
آبنائے ہرمز کی بندش سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں کمی کے باعث درآمدی اخراجات میں ریکارڈ تین گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ پریمیم سے مراد اصل قیمت کے علاوہ اضافی اخراجات ہیں، جن میں آمدورفت کا کرایہ، سپلائر کا منافع، انشورنس اور دیگر چارجز شامل ہیں۔
جنگ سے پہلے مشرق وسطیٰ میں پریمیم تقریباً 12 ڈالر فی بیرل تھا، جو اب بلند ترین سطح پر 35 ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کو لکھے گئے ایک خط میں زور دیا ہے کہ یہ غیر معمولی پریمیم مقامی ایندھن کی قیمتوں میں شامل کیا جائے۔
اگر یہ پریمیم براہ راست ایکس ریفائنری قیمت میں شامل کیا گیا تو موجودہ ایکس ریفائنری قیمت میں 123 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ یاد رہے کہ ایکس ریفائنری قیمت میں حکومت کے ٹیکس یا دیگر اضافی چارجز شامل نہیں ہوتے۔
– اگر پریمیم کو جنگ سے پہلے کے تقریباً ساڑھے 10 ڈالر فی بیرل کی سطح پر لگایا جائے تو صارفین کے لیےتقریباً 60 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے۔ اگر اسے آخری بار عائد ہونے والے23اعشاریہ 15ڈالر فی بیرل پر لگایا جائے تو اضافہ تقریباً 40 روپے فی لیٹر رہے گا۔
تاہم، پی ایس اونے حکومت کوتجویز دی ہے کہ وہ صارفین پر براہ راست بوجھ ڈالنے کے بجائے یہ فرق خود پورا کرے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) بنیادی طور پر پی ایس او ہی درآمد کر رہا ہے، ہم سفارش کرتے ہیں کہ یہ غیر معمولی زیادہ پریمیم صرف پی ایس او اور دیگر درآمدی کمپنیوں کوواپس ادا کیا جائے، بجائے اس کے کہ انہیں براہ راست ایکس ریفائنری قیمت میں شامل کیا جائے۔
کمپنی نے خط میں مزید واضح کیا کہ سوئز ایس ٹی ایس ایریا سے آنے والے حالیہ کارگو پر35 اعشاریہ 612 ڈالر فی بیرل پریمیئم ہے۔
پاکستان اپنی 80 فیصد تیل کی ضرورت درآمدات سے پوری کرتا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (PIDE) نے مارچ میں خبردار کیا تھا کہ عالمی تیل کی قیمتوں میں ہر 10 ڈالر اضافے سے توانائی کے درآمداتی بل میں1اعشاریہ8 ارب سے 2 ارب ڈالرتک اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل سپلائی راستے تلاش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان بحیرہ احمر کی سعودی بندرگاہ ینبع (Yanbu) سے برآمد ہونے والے تیل کے ترجیحی خریداروں میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
آئندہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نظر ثانی کے دوران اگر35اعشاریہ 6ڈالر پریمیم کو براہ راست شامل کر دیا گیا تو صارفین کے لیے قیمتوں میں بہت بڑا اضافہ ہو جائے گا۔ پی ایس او اس سے بچنے کے لیے حکومت سے سبسڈی کی شکل میں ری ایمبرسمنٹ کی سفارش کر رہی ہے۔