اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کو پاکستان روانہ ہوں گے ، وائٹ ہائوس
وفد اسلام آباد میں ایرانی حکام کے ساتھ براہ راست بات چیت کرے گا،پریس سیکریٹری کارولین لیویٹ
فائل فوٹو
واشنگٹن / اسلام آباد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر ایران کے ساتھ اہم مذاکرات کے لیے ہفتے کی صبح پاکستان روانہ ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے “براہ راست مذاکرات” کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس پر امریکی صدر نے “سفارت کاری کو موقع دینے” پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
رجمان کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں امریکی قیادت مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کے حق میں ہے۔ اس حوالے سے نائب صدر جے ڈی وینس کو واشنگٹن میں “اسٹینڈ بائی” رکھا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ نائب صدر جے ڈی وینس کو ضرورت پڑنے پر پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس کو پاکستان تبھی بھیجا جائے گا جب ہم یہ محسوس کریں گے کہ وہاں ان کی موجودگی وقت کا بہترین اور ضروری استعمال ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کارولین لیویٹ نے ‘فاکس نیوز’ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اس دورے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وفد اسلام آباد میں ایرانی حکام کے ساتھ براہ راست بات چیت کرے گا، جس میں پاکستان ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے “کلیدی اور تعمیری” کردار کی تعریف کی ہے۔
مذاکرات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی شرکت متوقع ہے، جو پہلے ہی خطے کے دورے پر ہیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس فی الحال اس وفد کا حصہ نہیں ہیں، تاہم رپورٹس کے مطابق اگر مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی تو وہ بھی اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں۔