مذاکرات میں تعطل کے باوجود ایشیائی مارکیٹوں میں مثبت آغاز
امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی تعطل کے باوجود زیادہ متاثر نہیں ہوئیں
امریکہ ایران کشیدگی کے باوجود ایشیائی منڈیوں میں مستحکم آغاز نکی اور کوسپی میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس اور جاپان کا نکی 225 سمیت ایشیا کی بڑی منڈیاں امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی تعطل کے باوجود زیادہ متاثر نہیں ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق مذاکراتی کوششوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، اور اسلام آباد میں مجوزہ امن مذاکرات کا دوسرا دور بھی نہیں ہوسکا۔ اسی دوران آبنائے ہرمز کے اردگرد کشیدگی اور جہازوں کی ضبطی کے واقعات بھی جاری ہیں، تاہم سرمایہ کار ان پیش رفتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے۔
مارکیٹ میں مجموعی تاثر یہ ہے کہ جنگ بندی اب بھی قائم ہے اور سفارتکاری مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔
اسی صورتحال کے باعث سرمایہ کار مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تیزی پر توجہ دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں نکی انڈیکس نے 60 ہزار پوائنٹس سے اوپر ریکارڈ انٹرا ڈے سطح حاصل کی، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 0.65 فیصد اضافہ ہے۔
اسی طرح جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس بھی 6,551.14 کی انٹرا ڈے سطح تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 1.21 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔