ریلوے کا موٹر گاڑیوں کی ٹرانسپورٹیشن شروع کرنے کا اعلان

مستقبل میں کنٹینروں کا بوجھ اوربزنس بھی ریلوے اٹھائے گا، کنٹینروں کی سڑکوں پر نقل حمل ہر پابندی لگ جائےگی ، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی

               
April 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور؛ پاکستان ریلویز نے ماضی کی چھوڑی ہوئی آمدنی کی بحالی اور اس میںاضافے کیلیے موٹر گاڑیوں کی ٹرانسپورٹیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان ریلویز کے وزیر محمد حنیف عباسی نے لاہور میں میڈیا سنٹرل کنٹرول سنٹر او ر ریزرویشن افس کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور بتایا کہ مستقبل میں کنٹینروں کا بوجھ اوربزنس بھی ریلوے اٹھائے گا جس کے بعد کنٹینروں کی سڑکوں پر نقل حمل ہر پابندی لگ جائےگی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پاکستان ریلویز میں ایسا کوئی کام نہیں جو رکا ہوا ہو، تاہم سب سے بڑا مسئلہ ریلوے ٹریک کا ہے، جس کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور سے راولپنڈی تک نئے ٹریک پر کام جاری ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کے بعد سفر کا دورانیہ کم ہو کر صرف دو گھنٹے بیس منٹ رہ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ روہڑی ٹریک پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور اسے ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور جلد اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو “پیپلز ٹرین” کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ کوئٹہ کے عوام کے لیے بھی جلد بڑی خوشخبری دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ بھی مختلف منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔،وزیر ریلوے کے مطابق پاکستان ریلویز کو ڈیجیٹلائز کرنے کا ٹاسک وزیراعظم کی جانب سے دیا گیا ہے، جس کے تحت جدید کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور مزید سات کنٹرول رومز بھی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ آٹو وہیکلز کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔،انہوں نے مزید بتایا کہ ایف ڈبلیو او سمیت دیگر ادارے بھی ان منصوبوں میں تعاون کر رہے ہیں اور لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں نئے اسٹیشنز کی تعمیر جاری ہے ۔