پنجاب اور ملک کے جنوبی حصوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

اگر ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ ہوا تو بروقت آگاہی جاری کی جائے گی ، محکمہ موسمیات

               
April 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے جنوبی حصوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہلکی شدت کی ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اپریل کی رات سے 29 اپریل تک جبکہ 3 سے 5 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثرانداز ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔

حکمہ موسمیات کے مطابق مئی اور جون سال کے گرم ترین مہینے شمار کیے جاتے ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور جنوبی و مشرقی بلوچستان ملک کے ہیٹ ویو سے متاثرہ علاقے ہیں جہاں درجہ حرارت بعض اوقات 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

ان علاقوں میں مئی اور جون کے دوران درجہ حرارت عموماً 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ ہوا تو بروقت آگاہی جاری کی جائے گی۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید نے بتایا کہ رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان ہے، جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔

عمر جاوید کا کہنا تھا کہ مئی اور جون میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، حالیہ دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 29 اپریل سے 3 مئی تک جنوبی علاقوں میں ہلکی ہیٹ ویو کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث 27 اپریل کی رات سے 29 اپریل اور 3 سے 5 مئی تک بالائی علاقوں میں اثرات متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ہواؤں کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شدید گرمی کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ عمر جاوید نے کہا کہ شہری دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، کسان موسمی صورتحال کے مطابق فصلوں کی دیکھ بھال اور ترتیب بنائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور DEOCs میں 24 گھنٹے سٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، ریسکیو 1122 بھی ہائی الرٹ رہے اور فوری رسپانس یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کو ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے اور مسافروں کی رہنمائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی، انہوں نے ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔