ایرانی ایئرلائنز سے تعاون کرنے والی کمپنیوں پر پابندیوں کا انتباہ
ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی مہم کا حصہ ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی فضائی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرنے والی کمپنیاں امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتی ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ یہ انتباہ ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی مہم کا حصہ ہے۔
سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ غیر ملکی حکومتیں یقینی بنائیں کہ ان کے دائرہ اختیار میں آنے والی کمپنیاں ایرانی طیاروں کو کوئی خدمات فراہم نہ کریں، جن میں ’طیاروں کے لیے ایندھن کی فراہمی، کیٹرنگ سروسز، ہوائی اڈوں پر لینڈنگ فیس یا طیاروں کی دیکھ بھال‘ شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکی وزارت خزانہ ’کسی بھی ایسے تیسرے فریق کے خلاف کارروائی میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گی جو ایرانی اداروں کے ساتھ لین دین کرے یا انہیں سہولت فراہم کرے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے حالیہ دنوں میں رپورٹ کیا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد پہلی بار تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تجارتی پروازیں بحال کر دی گئی ہیں۔