صدر زرداری کا چینی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ
اسٹیچو سکوائر میں چیئرمین ماؤ کے مجسمے پر گلدستہ رکھا اور خراجِ عقیدت پیش کیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین میں چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیچو سکوائر میں چیئرمین ماؤ کے مجسمے پر گلدستہ رکھا اور چینی انقلابی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت کا استقبال سینئر پارٹی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو چیئرمین ماؤ زے تُنگ کی زندگی اور جدوجہد سے آگاہ کیا اور شاؤشان میں ان کے ابتدائی دور اور ان عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔
صدر مملکت کو اس بات پر بھی بریفنگ دی گئی کہ اس طرح کےیادگاری ادارے تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسٹیچو سکوائر پر ہونے والی تقریب کے بعد صدر مملکت نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر دیکھیں جن میں چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو پیش کیا گیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔