اقوام متحدہ کے سربراہ کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار

عالمی برادری خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،انتونیو گوتیرش

               
April 28, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، محمد اسحاق ڈار کو آج اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔

ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں اور مختلف فریقین کے ساتھ روابط پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انھوں نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے لیے مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

بیان کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔