ملک بھر میں شدید گرمی کا راج؛ مون سون بارشوں کی آمد کی تاریخ سامنے آگئی
15 جون کے بعد مون سون سسٹم کی آمد سے بارشوں کا آغاز ہوگا، جس سے ہیٹ ویو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ، محکمہ موسمیات
فائل فوٹو
اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون کے بعد مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گی، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ فضا میں نمی کا تناسب 13 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہلکی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوئی۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ آسمان پر بادلوں کی موجودگی کے باوجود گرمی کی شدت برقرار ہے کیونکہ یہ بادل حبس میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔15 جون کے بعد مون سون سسٹم کی آمد سے بارشوں کا آغاز ہوگا، جس سے ہیٹ ویو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
شدید گرمی اور لو کے پیشِ نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔پانی اور نمکیات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں تاکہ گرمی سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے دوسرے پندرہواڑے میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے زراعت اور عام زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔