ایران میں متعدد گرفتاریاں اور ’جاسوسی کے اڈوں‘ پر بھی چھاپے

اپوزیشن میڈیا نیٹ ورکس کو معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

               
April 29, 2026 · بام دنیا

ایران میں جنگ کے بعد ملک بھر میں جاری کارروائیوں کے دوران مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں اور انٹیلیجنس آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق وسطی تہران میں ایک رہائشی یونٹ سے ایک مبینہ جاسوسی اڈے چھاپہ مارا ہے، جہاں اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ نصب تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اڈے کو مبینہ طور پر غیر ملکی انٹیلیجنس اداروں اور اپوزیشن میڈیا نیٹ ورکس کو معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق دو روز قبل شمال مغربی تہران میں ایک کمپلیکس کے اندر تین تجارتی یونٹس کو غیر قانونی سیٹلائٹ انٹرنیٹ آلات کے استعمال کے الزام میں سیل کر دیا گیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان میں سے ایک یونٹ مبینہ طور پر لگ بھگ 19 مرتبہ دشمن کو معلومات فراہم کر چکا تھا۔

دوسری جانب مہر نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ صوبہ کرمان کے شہر انار میں پولیس نے ایک شخص کو اس الزام میں گرفتار کیا ہے کہ اس نے غیر ملکی میڈیا میں موجود مخالف عناصر سے رابطہ رکھا، جن کا مقصد امن و امان میں خلل ڈالنا تھا۔

پاسدارانِ انقلاب سے منسلک خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق صوبہ فارس کے شہر سروستان میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ حساس اور اہم مقامات سے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز مخالف نیٹ ورکس کے ساتھ شیئر کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری انٹیلیجنس کارروائیوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔

ادھر ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ ’وطن کے غداروں اور شرانگیز عناصر کا ساتھ دینے والوں‘ کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے۔