وژن 2030 تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہوگا۔محمد بن سلمان
سعودی عرب میں منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔شہری ترقی وژن 2030 کامرکزی ہدف قرار
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت کا اہم اصلاحاتی منصوبہ وژن 2030 رواں سال اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔
سعودی میڈیا کے مطابق محمد بن سلمان کے یہ بیانات کونسل آف اکنامک اینڈ ڈیولپمنٹ افیئرز کے اجلاس کےسامنے آئےآ اس اجلاس میں وژن 2030 سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
لندن سے شائع ہونے والے عرب اخبار الشرق الاوسط کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ عالمی معاشی اور سیاسی بے یقینی کے باوجود وژن 2030 نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا جاری رکھی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کے آغاز سے اب تک اور آئندہ بھی اس کی سب سے اہم سرمایہ کاری سعودی شہریوں کی ترقی اور انھیں بااختیار بنانا رہی ہے۔
سعودی شہریوں کی ترقی کو وژن 2030 کا مرکزی نکتہ قرار دینا اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے سے ایک تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
سنہ 2016 میں منصوبے کے آغاز کے بعد ابتدائی برسوں میں توجہ زیادہ تر مملکت کے تیل پر انحصار کو کم کرنے پر مرکوز تھی۔
ولی عہد کے یہ بیانات سعودی حکام اور میڈیا کی جانب سے وژن 2030 کے حوالے سے ایک وسیع تر بیانیے کا حصہ ہیں جس میں اس منصوبے کے سعودی معاشرے اور قومی شناخت پر اثرات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔