صدر یورپی کمیشن کی ایران اور لبنان میں جنگ بندی کی اپیل
آبنائے ہرمز میں بغیر کسی فیس یا پابندی کے آمد و رفت کو بھی یقینی بنایاجائے
یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈرلیئن نے ایران اور لبنان میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے اور سفارتی عمل کے ذریعے تنازعے کے پائیدار حل پر زور دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بنیادی مقصد جنگ کا مستقل خاتمہ ہے، جس کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز میں بغیر کسی فیس یا پابندی کے آمد و رفت کی بحالی کو بھی یقینی بنایا جائے، کیونکہ عالمی تجارت کے لیے یہ بہت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہونے والا کوئی بھی امن معاہدہ بنیادی اختلافی معاملات کا احاطہ کرے، جن میں سرفہرست ایران کا جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائل شامل ہیں۔
انھوں نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے اثرات یورپ کے معاشی تحفظ، خصوصاً توانائی کے شعبے پر براہ راست پڑ سکتے ہیں اور اس بات پر بھی زور دیا کہ بر اعظم میں توانائی کے ذرائع کو محفوظ بنایا جائے۔