ٹنڈوالہ یار: منشیات فروشوں کی سہولت کاری پر11 ایس ایچ اوز سمیت30 اہلکار معطل

2 ڈی ایس پیز کو بھی سی پی او کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت ۔

               
April 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹنڈوالہ یار:ٹنڈوالہ یار میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں کی سہولت کاری کے الزام پر پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تھانہ اے سیکشن، بی سیکشن سمیت مختلف تھانوں کے 11 ایس ایچ اوز، 3 اے ایس آئیز اور 8 ہیڈ محرر سمیت 30 سے زائد پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ جبکہ 2 ڈی ایس پیز کو بھی سی پی او کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئ ہے۔

تفصیلات کے مطابق معطل ہونے والے ایس ایچ اوز میں، اشفاق منگی، قربان راجڑ، قربان سنجرانی، ممتاز کھوسو، فہیم یوسفزئ، محبوب پھوڑ، علن عباسی اور دیگر شامل ہیں۔ جبکہ معطل ہونے والے اے ایس آئیز میں انچارج 15 مددگار سرمد کھوسو، اللّہ ڈنو ابڑو،جمیل خانزادہ اور ہیڈ محرر(بڑے منشیوں ) میں شاہ محمد، یعقوب بجارانی، غلام قادر پتافی، محبوب رند، امداد کھیڑو و دیگر شامل ہیں۔ جبکہ اسکے علاوہ 15 کے قریب سپاہی بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ ڈی ایس پی سٹی عثمان لغاری اور ڈی ایس پی سی آئ اے کو بھی سی پی او کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئ ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک ضلع بھر میں 11 پولیس افسران سمیت 30 سے زائد اہلکار معطل کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ 153 پولیس اہلکاروں کی ضلع کے مختلف تھانوں میں ٹرانسفر پوسٹنگز بھی کردی گئی ہیں۔ ڈیوٹی میں غفلت اور مبینہ طور پر منشیات فروشوں کی سہولتکاری کے الزام پر پولیس افسران کے خلاف اچانک اتنے بڑے پیمانے پر کاروائیوں اور اکھاڑ پچھاڑ کے بعد پولیس کے اپنے ڈیپارٹمنٹ میں غیریقینی کی سی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔