اہلکار کا گریبان پکڑنے والا خاتون افسر کا’لاڈلا بیٹا’ گرفتار، گاڑی تحویل میں
میری ماں ایس پی ہے،ویگو سوار نوجوان کی پولیس کو دھمکیاں، ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی آئی جی کا سخت ایکشن
خاتون ایس پی کا بیٹا اور ویگو گاڑی
کراچی: گزشتہ روز کراچی میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والا خاتون پولیس افسر کا بیٹا حوالات پہنچ گیا۔۔
ڈی آئی جی کے حکم پر مبینہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔۔
واقعہ جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب چار بجے کے قریب پیش آیا جب قیوم اباد پولیس چوکی کے انچارج سب انسپیکٹر نے اپنے عملے کے ہمراہ ایک ویگو گاڑی کو مشکوک دیکھ کر روکنے کی کوشش کی، تو اس کا سوار نوجوان آپے سے باہر ہو گیا اور اس نے نہ صرف پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی بلکہ پولیس افسر کا گریبان بھی پکڑ لیا۔۔
اس کا کہنا تھا کہ میری والدہ ایس پی ہیں، مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔۔واقعے کے بعد نوجوان بھاگ نکلا جبکہ چوکے انچارج نے تھانے جا کر تمام احوال روزنامچے میں تحریر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کچھ ہی دیر بعد نوجوان اپنی اعلی پولیس افسر والدہ کے ساتھ تھانے پہنچا اور ایک بار پھر وہاں تماشہ لگ گیا تاہم ایس ایچ او نے بیچ بچاؤ کرا دیا جس کے بعد خاتون پولیس افسر گاڑی اور بیٹے دونوں کو لے کر چل پڑیں۔۔
اس دوران واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی آئی جی ساؤتھ کو خیال ایا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔۔
چنانچہ پولیس ایک بار پھر حرکت میں آئی ۔۔ خاتون افسر کا لاڈلا بیٹا حوالات میں اور گاڑی تھانے کی تحویل میں لے لی گئی۔