باجوڑ: خوارج کا کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملہ، 3 افراد زخمی
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر خوارجین کی تلاش شروع کر دی۔
باجوڑ کے علاقے ماموند میں خوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملے میں3 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں کرکٹ گراؤنڈ پر خوارج کے ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق خوارج کی جانب سے حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر خوارجین کی تلاش شروع کر دی ہے۔
قبائلی عمائدین اور مقامی عوام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فتنہ الخوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران اٹھائے جانے والے نقصانات کے پیش نظر خوارج سویلین آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔