سابق سینیٹر مشتاق احمد صمود فلوٹیلا پر غیر قانونی اسرائیلی حراست سے رہا

تعاون پر یونان کی حکومت کا شکریہ ۔ اسحاق ڈار

               
May 2, 2026 · اہم خبریں

 

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کی جانب سے غیر قانونی طور پر حراست لیے گئے سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے لکھاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جنہیں دیگر کارکنوں کے ساتھ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا، انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ میں یونانی حکام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کریٹ، یونان میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی مدد کی۔

انہوں نے ترکیہ کی قیادت اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی استنبول واپسی اور وہاں سے پاکستان روانگی کے انتظامات کیے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہاکہ میں ایک بار پھر فلوٹیلا پر موجود انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور غزہ کے محصور عوام کے لیے بھیجی جانے والی امداد میں رکاوٹ ڈالنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔‘