ایف آئی اے نے 23 مسافروں کو ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا

تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران ان کے بیانات غلط اور گمراہ کن ثابت ہوئے۔

               
  May 2, 2026 · قومی

اسلام آباد: بحرین کے لیے ورک ویزا پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے 23 افراد کو ایف آئی اے نے ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ 23 مسافر روزگار کے لیے بحرین جا رہے تھے اور ابتدائی طور پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملازمتیں انہیں رشتہ داروں کے ذریعے ملی ہیں، تاہم تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران ان کے بیانات غلط اور گمراہ کن ثابت ہوئے۔

ترجمان کے مطابق بعد ازاں مسافروں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے روزگار کے لیے ایجنٹس کی خدمات حاصل کی تھیں۔ مزید یہ بھی سامنے آیا کہ تمام مسافروں کی ایک ہی فلائٹ پر مشکوک انداز میں بکنگ کی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافر اپنے کام کی نوعیت اور ملازمت سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے، جبکہ کسی بھی مسافر کے پاس فارن سروس ایگریمنٹ موجود نہیں تھا۔ان وجوہات کی بنیاد پر تمام 23 افراد کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ تمام مسافر بیرون ملک سفر سے قبل قانونی تقاضے مکمل کریں اور امیگریشن ڈیسک سے مکمل کلیئرنس حاصل کریں۔