معرکہ حق میں کامیابی سے پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ،عطاء اللہ تارڑ
دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی سفارتی اور بیانیہ کی سطح پر حاصل کردہ کامیابی نے ملک کو عالمی سطح پر امن کا علمبردار بنا دیا ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکہ حق سفارتی سطح پر بھی لڑا گیا اور پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے پہلگام واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس پر بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے تشویش کا اظہار کیا اور شواہد طلب کیے تو بھارت کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہ تھا۔
وزیراطلاعات نے پاکستان کے تمام طبقات کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، **”پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے اے پی ایس حملہ اور جعفر ایکسپریس سانحہ سمیت متعدد واقعات کا حوالہ دیا۔
عطاتارڑ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب ایک ایسا ملک ہے جس کا کبھی کلبھوشن پکڑا جاتا ہے اور کبھی ابھینندن۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، بھارت دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے اور پاکستان اس کا مقابلہ کر رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کے ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل فورمز پر پاکستان کا بیانیہ بھرپور طریقے سے پیش کیا گیا اور بیانیہ کی جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی۔انہوں نے نوجوان نسل اور سوشل میڈیا صارفین کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق کی تاریخ میں سوشل میڈیا صارفین کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ہماری نوجوان نسل نے بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کو دکھایا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیانیہ کی جنگ میں پاکستان کی عوام نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھارت نے پاکستان کے یوٹیوب چینلز بند کیے تو پاکستان نے اپنے ملی نغموں اور قومی ترانوں کے ذریعے بھارتی یوٹیوب چینلز پر جواب دیا۔
تارڑ کے مطابق یہ معرکہ حق نہ صرف فوجی اور سفارتی سطح پر بلکہ بیانیہ اور سوشل میڈیا کی سطح پر بھی پاکستان کی کامیابی کا داستان ہے۔