آزادی صحافت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف

فیک نیوز کا سدباب اور ذمہ دار صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم

               
  May 3, 2026 · قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےآزادیِ صحافت کے تحفظ،فروغ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نہ صرف ہماری معاشرتی، سیاسی اور معاشی تنوع کی عکاسی کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی و استحکام کے فروغ کا باعث ہے۔

عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو اپنی پیشہ ورانہ اقدار کے تحت روکنا ہر صحافی کا فرض ہے، معرکہ حق کے لمحات مسلح افواج کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ قومی طاقت کا مظہر تھے ،صحافی برادری کا کردار بھی لائق تحسین رہا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر وہ پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں، کالم نویسوں، رپورٹرز، مدیران، براڈکاسٹنگ اورصحافت سے وابستہ تمام افراد کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی ایک باخبر اور با شعور معاشرے کی ضمانت ہے، مستند اور تعصب سے پاک غیر جانبدارانہ خبروں کی بروقت اشاعت و نشریات ہی اصل صحافت کی اساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو اپنی پیشہ ورانہ اقدار کے تحت روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔ صحافی نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ سماجی اقدار کے امین ہیں،اس سال عالمی یومِ آزادیِ صحافت ’’پرامن مستقبل کی تشکیل‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ یہ موضوع دور حاضر کی ضروریات کی عکاسی کرتا ہے، صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی میں ایک باوقار، باحفاظت اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں۔