سچائی کے حصول میں صحافیوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔صدر زرداری

پرامن مستقبل کی تشکیل کیلئے سچائی کا فروغ ناگزیر ہے،.صدرمملکت آصف علی زرداری

               
  May 3, 2026 · قومی

صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا ہے کہ پرامن مستقبل کی تشکیل کے لیے سچائی کا فروغ ناگزیر ہے اور سچائی کے حصول میں صحافیوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
صدر مملکت نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں، مدیران اور ذرائع ابلاغ کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کا موضوع “پرامن مستقبل کی تشکیل” اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ امن کا قیام درست اور مستند معلومات کے بغیر ممکن نہیں، آج آزادی صحافت کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں جن میں غلط معلومات، من گھڑت اطلاعات اور جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال شامل ہیں۔

مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیوز و تصاویر (ڈیپ فیک) جیسے رجحانات جہاں مواقع فراہم کرتے ہیں، وہیں ان کے منفی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔صدر مملکت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض عالمی ذرائع ابلاغ کے ادارے اور سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم نفرت، تعصب اور گمراہ کن بیانیے کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں جبکہ بڑے تکنیکی ادارے بعض اوقات قومی ریاستوں کے معاملات میں مداخلت بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت ایک آئینی حق ہے جس کی ضمانت آئین پاکستان کے تحت دی گئی ہے جبکہ آرٹیکل A.19 عوام کے معلومات تک رسائی کے حق کو یقینی بناتا ہے۔