پی ایس ایل فائنل کیلئے 7 ہزار افسران و اہلکار سیکورٹی پر مامور
ٹیموں کے روٹ، سٹیڈیم، قیام گاہ سمیت اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 11 کے فائنل کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، میچ کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ سپروائزری افسران سکیورٹی اور ٹریفک سمیت تمام انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔
آئی جی پنجاب نے سکیورٹی پر کھڑے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پوائنٹس پر پولیس جوان انتہائی الرٹ رہیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں جبکہ پی ایس ایل کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں علاوہ ازیں کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں جبکہ ٹیموں کے روٹ، سٹیڈیم، قیام گاہ سمیت اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہمہ وقت مانیٹرنگ کی جائے گی۔