ون کانسٹیٹیوشن ایونیو معاملے پر مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔محسن نقوی

ہر ایک کے لیے قانون یکساں ہونا چاہیے، چاہے وہ امیر ہو یا غریب۔

               
  May 4, 2026 · قومی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر اپنے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ سی ڈی اے کا خیال ہے کہ اس پلاٹ کی فروخت غیر قانونی تھی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے اور کمیٹی کے سامنے بھی یہی مؤقف پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، “جیت قانون کی ہوگی اور ہر ایک کے لیے قانون یکساں ہونا چاہیے، چاہے وہ امیر ہو یا غریب۔”

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وہ تجویز دیں گے کہ جس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے اور یہ معاملہ صرف بلڈنگ تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے موقف کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ان کی سپورٹ ہمیشہ موجود رہے گی۔